اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک کے معروف ادیب ، کالم نگار، مزاح نگار عطا الحق قاسمی اپنے کالم میں ایک جگہ لکھتے ہیں کہ بیگم کلثوم نواز کے بارے میں کچھ لکھنا آسان کام نہیں ہے۔ کیونکہ ان کا انتقال عام حالات میں نہیں ہوا، ان کےشوہر پاکستان کی جیل میں تھے، ان کی صاحبزادی اور داماد بھی جیل کی کوٹھڑیوں میں بند تھے۔ ان کے شوہر میاں نواز شریف اور فیملی کے دیگر افراد جب لندن میں تھے وہ روزانہ صبح اسپتال پہنچتے تھے اور شام کو بیگم صاحبہ سے بات کئے بغیر واپس آ جاتے تھے کہ وہ کوما کی حالت میں
تھیں۔وہ منظر کسی بھی اہل دل کے لئے رلا دینے والا ہے جب آخری دن پاکستان جیل آنے کے لئے میاں نواز شریف اپنی بیگم سے بات کرنے کے لئے کہتے ہیں۔’’ کلثوم، میں بابو جی، کلثوم، میں بابو جی‘‘ مگر وہ اس پر کوئی ریسپانس نہیں دیتیں۔ انڈیا خصوصاً لاہور اور امرتسر کے شہروں میں بیویاں اپنے شوہر کو اور بچے بھی اپنے والد کو ’’بابو جی‘‘ کہا کرتے تھے۔ نواز شریف چاہتے تھے کہ وہ آخری بار اپنی بیگم کی آواز سن کر اپنی بقیہ زندگی جیل میں گزارنے کے لئے پاکستان چلے آئیں، مگر ان کی یہ خواہش پوری نہ ہوسکی۔