راولپنڈی (نیوز ڈیسک) پاکستان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے سفیر نے ملاقات کی اس ملاقات میں آرمی چیف نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کا اقتصادی مستقبل ہے اور اس کے تحفظ پر کبھی بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس ملاقات کے حوالے سے
حکومت پاکستان کے ٹوئٹر ہینڈل سے تصویر اور تفصیلات بھی شیئر کی گئیں جس پر پاکستانی خوش ہو گئے لیکن اس پر معروف صحافی مشرف زیدی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بے چارے آرمی چیف کو وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت رزاق داؤد کا گند صاف کرنا پڑ رہا ہے۔ معروف صحافی مشرف زیدی کا اشارہ رزاق داؤد کی جانب سے برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو کی جانب تھا جس میں مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ سابق حکومت نے سی پیک پر چین سے بات چیت میں اپنی ذمہ داری بخوبی نہیں نبھائی، تیاری کے بغیر مذاکرات اور معاہدے کرنے سے چین کو بہت زیادہ فائدہ پہنچا اور چینی کمپنیوں کو ٹیکس بریک اور دیگر مراعات دینے سے پاکستانی کمپنیاں نقصان میں ہیں، انہوں نے یہ خیال بھی ظاہر کیا کہ اپنے امور منظم کرنے تک ان معاہدوں پر فی الحال ایک سال کے لیے عملدرآمد روک دینا چاہیے اور سی پیک کی مدت کو مزید 5 سال کے لیے بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔ جب انٹرویو کے تفصیلات سامنے آئیں تو عبدالرزاق داؤد کو وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا اور انہوں نے کہا کہ میرے بیان کوسیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔