راولپنڈی(سی پی پی)نوازشریف، مریم اور صفدر نے پیرول پررہائی کی درخواست پر دستخط کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو نقصان ہونا تھا وہ ہوچکا، اللہ کو یہی منظورتھا۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں موجود مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے پیرول پر رہا ہونے سے انکار کردیا تھا اور ان کے اس فیصلے کی تائید مریم نواز نے بھی کی تھی۔نوازشریف نے پیرول کی درخواست پر دستخط کرنے سے بھی انکار کر دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ
جو نقصان ہونا تھا وہ ہوچکا، اللہ کو یہی منظور تھا۔اس ساری صورتحال میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور نواز شریف کے بھائی شہباز شریف نے اپنے پارٹی قائد سے پیرول پر رہائی کے لیے پرزوراصرار کیا،انہوں نے نوازشریف کے انکار کے بعد درخواست پر خود دستخط کیے۔ شہباز شریف نے اس موقع پر نواز شریف سے مکالمہ بھی کیا کہ یہ بہت بڑا حادثہ ہے،پیرول پر رہائی کی اجازت قانون دیتا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ وقت گزر گیا تو ساری عمر کا پچھتاوا رہ جائے گا۔