اسلام آباد /لاہور/کراچی /پشاور /کوئٹہ ( این این آئی)صدر پاکستان عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہا کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت ،مرحومہ کی مغفرت اور غمزدگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے تعزیتی پیغام جاری کیا گیا ہے
جس میں انہوں نے شریف خاندان سے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے کلثوم نواز کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز بہادر خاتون تھیں۔حکومت، کلثوم نواز کی فیملی اور لواحقین کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرے گی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق خاتون اول کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی بیگم کلثوم نواز کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو مرحومہ کے خاندان کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز ایک بہادر خاتون تھیں جنہوں نے جمہوریت کے لیے جدوجہد کی۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی بہن بختاور بھٹو نے ٹویٹ میں بیگم کلثوم نواز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ نہ صرف ایک اہلیہ اور ماں تھیں بلکہ وہ خاتون اول بھی تھیں۔پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری وجہ سے شریف خاندان کی دل آزاری ہوئی جس پر میں ان سے معذرت چاہتا ہوں۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بیگم کلثوم نے بہادری سے جمہوریت کی جنگ لڑی،کلثوم نواز کے انتقال پر
ہماری ہمدردیاں شریف خاندان کے ساتھ ہیں۔ چوہدری منظور احمد نے کہا کہ ہم اس صدمے میں شریف خاندان کے دکھ میں برابر شریک ہیں، کلثوم نواز نے نواز شریف کی عدم موجودگی میں دلیرانہ سیاست کی۔بیگم کلثوم نواز کی وفات پرپیپلزپارٹی کی رہنما ثمینہ خالد خالد گھرنے بھی افسوس کا اظہار کیا ۔پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر دلی دکھ کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور ان کی فیملی کیلئے یہ بہت بڑا صدمہ ہے۔ سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے مرحومہ کی مغفرت اور غمزدگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے بانی رہنما الطاف حسین نے بیگم کلثوم نواز کو شاندار خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ جمہوریت کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ شفیق اور
بہادر خاتون تھیں اور ان کی جمہوریت اور پارٹی کے لئے بہت خدمات تھیں۔ گورنر پنجاب نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطافرمائے اوران کے پورے خاندان کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد خان مزاری کا بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہار افسوس دکھ کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند کرے ۔صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے
بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت اور ان کے خاندان کو صبر عطا فرمائے،دکھ کی اس گھڑی میں شریف خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما اعجاز احمد چوہدری ، عبدالعلیم خان ، میاں محمود الرشید ، جمشید اقبال چیمہ ، مسرت چیمہ ، میاں اسلم اقبال ،یاسمین راشد سمیت دیگر نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت اور
ان کے خاندان کو صبر عطا فرمائے ۔ دکھ کی اس گھڑی میں شریف خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ کلثوم نواز ایک اعلی شخصیت کی مالک تھی اور کسی بھی سیاسی نقطہ نظر سے ہٹ کر وہ ایک رول ماڈل تھیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی ساری دعائیں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔جمعیت علمائے اسلام (ر) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ
بیگم کلثوم نواز بہادر خاتون تھیں جن کی وفات پر انتہائی افسوس ہوا۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ناراض رہنما علی رضا عابدی نے بھی کلثوم نواز کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ضمانت دیئے جانے کی امید کا اظہار کیا۔عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما زاہد خان نے کہا کہ کلثوم نواز سیاسی بصیرت رکھنے والی اور مدبر خاتون تھیں اور وہ واحد خاتون تھیں جنہوں نے پرویز مشرف کی آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
سابق چیف جسٹس آف پاکستان و صدر پاکستان جسٹس و ڈیموکریٹک پارٹی افتخار محمد چوہدری نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے کہ اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے اور جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائیاور میاں نواز شریف سمیت تمام لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے، اللہ انہیں صبرِجمیل عطا فرمائے۔آمین۔امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور لیاقت بلوچ نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے مغفرت اور
لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ انہوں نے شریف خاندان اور مرحومہ کے عزیز و اقارب سے تعزیت کا اظہار کیا ۔سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے بھی بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نوازکی وفات پر شریف خاندان کوتعزیت پیش کرتے ہیں ،اللہ تعالی دکھ کی اس گھڑی میں شریف خاندان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر یاسین آزاد نے بیگم لثوم نواز ے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے ۔