لاہور ( این این آئی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے اپنی بھابھی کلثوم نواز کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کلثوم نواز کی وفات شریف خاندان کیلئے بڑا دھچکا ہے، نواز شریف نے ہر مشکل وقت میں اہلیہ سے مشاورت کی، مرحومہ نے گھر بھی سنبھالا، آزمائش پڑی تو چاردیواری سے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا بیگم کلثوم نواز مشکل حالات
میں باہر نکلیں، ڈکٹیٹر شپ کو چیلنج کیا،مشکل ترین حالات میں انہوں نے مردانہ وار مصائب کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔انہوں نے ماں، بہن، بیٹی اور اہلیہ کے طور پر مثالی کردار ادا کیا،ان کی وفات سے ایک عہد کا خاتمہ ہوگیا۔شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور جمہوریت بھی محترمہ کلثوم نواز کی قرض دار رہے گی۔اللہ تعالی میری بڑی بہن کلثوم نواز کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ہم سب کو صبر جمیل دے۔ آمین