اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی حکومت سے منسوب جعلی لیٹر کون جاری کر رہا ہے ؟سراغ مل گیا،۔قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی حکومت کے جعلی لیٹر کہاں سے جاری ہو رہے ہیں؟ اس حوالے سے انکشاف ہوا ہے حکومت مخالف ایک میڈیا سیل، بیوروکریٹس کی ٹیم اور سابقہ ادوار میں مختلف محکموں میں بھرتی کیے گئے سابق حکومت کے وفادار ملازمین کے گروپ اس کام میں ملوث ہیں ۔
باوثوق ذرائع کے مطابق یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اس طرح کے مزید لیٹرز بھی تیار کیے گئے جو مختلف اوقات میں اچانک جاری کیے جانے تھے اور اس سے حکومت کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جانا تھا۔جعلی احکامات اور لیٹر جاری کیے گئے توانہیں مختلف ٹاک شوز میں اصل لیٹر سمجھ کر ڈسکس کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر شور مچا تو اس پر ہونے والی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ سابقہ حکومت کے دو گروپ باقاعدہ اس میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کے لیے باقاعدہ جعلی لیٹر ہیڈ، جعلی مہریں اورسر کاری کاغذات میں استعمال ہونے والی زبان کے ماہر سے کام لیا گیا۔سابقہ حکومت کے قریبی بیوروکریٹس کا ایک گروپ جھوٹے لیٹرز کو سچا بنانے کے لیے میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کو یہ بھی کہتا کہ یہ لیٹر ٹھیک ہیں۔ جعلی لیٹر جاری کرنے والا یہ مافیا واٹس ایپ کے ذریعے رابطے کرتا ہے۔ اس حوالے سے اہم ادارے کافی تفصیلات حاصل کر چکے ہیں۔ جبکہ ایک بیوروکریٹ اس حوالے سے بیان بھی درج کروا چکا ہے کہ مجھے بھی اس عمل میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔وزارت اطلاعات سے وزیر اعظم ہاؤس اور دیگر محکموں میں کون کون سابق حکومت کے لیے مخبری کر رہا ہے اور کون کون وفاداری نبھانے کے لیے اس گھناؤنی سازش کا حصہ ہے ، اس حوالے سے اہم ادارے ٹیلی فون کالز اور واٹس ایپ ریکارڈ حاصل کر رہے ہیں۔مزید سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں ۔