لاہور(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ چندے مانگ کر ڈیم نہیں بنا کرتے، ڈیم منصوبے اس وقت تک شروع نہ کیاجائے جب تک مکمل پیسے جمع نہ ہوجائیں ورنہ مشرف دور کے نیلم جہلم منصوبے کی طرح اس منصوبے میں بھی اربوں روپے کا نقصان ہونے کا خدشہ پیدا ہوجائے گا، دیامر بھاشا ڈیمز بنانا ہر صورت ضروری ہے۔ وہ پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کررہے تھے۔ ڈیمز فنڈ میں ابھی 2ارب روپے جمع ہوئے ہیں۔ 850ارب کے منصوبے میں 2ارب آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔
ایسے منصوبے چندے کے پیسوں سے نہیں بنتے۔ سی پیک منصوبہ پاکستان کیلئے آکسیجن کی مانند ہے۔ اگر حکومت نے بغیر کسی حکمت عملی کے بھاشا ڈیم بنانے کا عمل شروع کردیا تو اس کا حال بھی نیلم جہلم منصوبے جیسا ہوگا۔ کیونکہ نیلم جہلم کا منصوبہ پرویز مشرف دور میں بغیر کسی جائزے کے شروع کردیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا تھا۔ جب تک پوری فنڈنگ نہ ہو اس وقت تک اس منصوبے کو شروع نہیں کیا جاسکتا۔ دیامر بھاشا ڈیم ہر صورت بننا چاہیے۔