اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی ملازمین اکٹھی چار چھٹیاں منائیں گے، واضح رہے کہ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں ہوا، جہاں موصول ہونے والی مصدقہ اطلاعات اور شواہد کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ محرم کا چاند نظر نہیں آیا ہے، اس طرح نئے اسلامی سال کا آغاز یعنی یکم محرم 1440ھ 12 ستمبر کو ہو گا اور عاشورہ محرم 21 ستمبر بروز جمعتہ المبارک کو ہو گا۔ اس اجلاس
میں محکمہ موسمیات اور وزارت مذہبی امور کے حکام زونل رویت ہلال کمیٹی کے ارکان بھی شریک ہوئے۔ واضح رہے کہ پورے ملک میں نویں اور دسویں محرم الحرام کو سرکاری تعطیل ہوتی ہے، اس طرح وفاقی ملازمین کی چھٹیاں 20 ستمبر بروز جمعرات سے شروع ہوں گی، جمعرات اور جمعتہ المبارک کو یوم عاشورہ کی چھٹیاں اور ہفتہ اور اتوار کو سرکاری تعطیل ہونے کی وجہ سے وفاقی ملازمین چار یوم کی چھٹیوں سے لطف اندوز ہوں گے۔