اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)گلگت بلتستان کیلئے شاہین ائیرلائنز کے زائد کرایوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے اعتزاز احسن اور نعیم بخاری کے ڈیم فنڈ میں جمع کرائے عطیات کی رقم بتادی، اعتزاز احسن کا نام لینے پر چیف جسٹس سے شکوہ، چیف جسٹس آف پاکستان نے اعتزاز احسن کو ججز کیلئے رول ماڈل قرار دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق آج سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس کی سربراہی میں بنچ نے گلگت بلتستان کیلئے شاہین ائیرلائنز کے زائد کرایوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے
دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ اعتزازاحسن نے ڈیم فنڈمیں 20 لاکھ روپے جمع کرائے تھے،نعیم بخاری نے بھی 40 لاکھ روپے ڈیم فنڈمیں جمع کرائے۔اس پر نام لینے پر اعتزاز احسن نے چیف جسٹس سے شکوہ کیا کہ میرے پیسوں کے حوالے سے بتانے کی کیا ضرورت ہے؟ جس پر چیف جسٹس آف پاکستان نے اعتزاز احسن کو کہا کہ اعتزاز صاحب آپ عام آدمی نہیں قوم کے دانشور ہیں اور ہمارے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ چیف جسٹس کی بات سن کر اعتزاز احسن نے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں۔