اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس ثاقب نثار اور وزیراعظم عمران خان کی اپیلیں رنگ لے آئیں، قوم کی جانب سے ڈیم فنڈ کیلئے زبردست ردعمل سامنے آگیا، اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں نے ڈیموں کی تعمیر کیلئے تجوریوں کے منہ کھول دئیے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور وزیراعظم عمران خان کی ڈیم فنڈکیلئے عطیات کی اپیلیں رنگ لے آئی ہیں اور قوم کی
جانب سے ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کرانے کے حوالے سے زبردست ردعمل سامنے آیا اور اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں نے ڈیموں کی تعمیر کیلئےتجوریوں کے منہ کھول دئیے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں نے ڈیموں کی تعمیر کیلئے ایک بار پھر آگے آتے ہوئے حب الوطنی اور ملک سے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے سب کو حیران کر دیا ہے۔ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی 2 ممتاز کاروباری اور سماجی شخصیات نے بھی ’’ڈیمز فنڈز ‘‘ میں ابتدائی طور پر ایک، ایک لاکھ ڈالرز دینے کا اعلان کیا ہے۔ تحریک انصاف کویت کے صدر اخلاق احمد ملک اور چیئرمین پی ٹی آئی ایگزیکٹو بورڈ پیر امجد حسین نے وزیر اعظم عمران خان کے ڈیم فنڈ زمیں ابتدائی طور پر ایک، ایک لاکھ ڈالرز دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہاوورسیز پاکستانی قومی خدمت کے اس عظیم الشان منصوبے کی تعمیر مِیں پورے جوش و خروش سے حصہ لیں گے،ملک کی بقا کے لئے ایک ہزار ڈالر کوئی حیثیت نہیں رکھتے بلکہ وہ تن من سے اپنے ملک کی خدمت کرنا مقدس فرض سمجھتے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی کی ممتاز شخصیات بھی ڈیم فنڈ میں خطیر رقم کے عطیات دے چکی ہیں۔ گزشتہ روز ملک کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات کر کے انہیں 25لاکھ روپے کا چیک ڈیم فنڈ کیلئے دیا جبکہ آج پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے بھی ڈیم فنڈ کیلئے رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمدکا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہناتھا کہ قومی کرکٹ ٹیم ڈیم فنڈ میں 32 لاکھ روپے عطیہ دے گی،ٹیم کے ہر کھلاڑی نے 2 ،2 لاکھ روپے دیئے ہیں ،ڈیم سے آنے والی نسلیں بھی فائدہ اٹھائیں گی ۔