اسلام آباد/لاہور(آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کے سابق صدر احسان مانی کو بورڈ کا نیا چیئرمین مقرر کردیا۔عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ احسان مانی نے آئی سی سی میں پی سی بی کی نمائندگی کی تھی۔وزیراعظم نے کہا کہ احسان مانی 3 سال آئی سی سی کے خزانچی اور 3 سال سربراہ رہے،
چیئرمین پی سی بی کے منصب کیلئے وہ وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔عمران خان کی جانب سے چیئرمین منتخب ہونے کے بعد احسان مانی نے کہا کہ میرا ویژن وہی جو وزیراعظم عمران خان کا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا مقصد نچلی سطح سے پاکستان کرکٹ کو بہتر کرنا ہے، ہم وزیراعظم کے ویژن کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو بہتر کریں گے۔سابق آئی سی سی صدر نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹ دنیا میں سب سے بلندی پر ہو۔اسے سے قبل اپنے ٹوئٹر پیغام میں نجم سیٹھی نے اپنے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نئے وزیراعظم کے حلف لینے کا اانتظار کر رہا تھا۔اپنے استعفے میں انہوں نے پی سی بی اور پاکستان کرکٹ کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا،انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے استعفے کی ایک نقل شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنا استعفیٰ دینے سے قبل وزیر اعظم کے حلف لینے کا انتظار کر رہا تھا۔نجم سیٹھی نے عمران خان کو بھیجے گئے اپنے استعفے میں لکھا کہ مجھے اگست 2017میں بورڈ آف گورنرز کے10 اراکین نے بالاتفاق 3سال کے لیے چیئرمین پی سی بی منتخب کیا تھا۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ متعدد مواقعوں پر کہہ چکے ہیں پاکستان کرکٹ کے لیے آپ کا ایک مقصد ہے لہذا یہ بہتر ہو گا کہ آپ یہ عہدہ سنبھالیں اور ایسی مینجمنٹ کو یہ ذمے داری سونپیں جسے آپ کا مکمل اعتماد اور بھروسہ حاصل ہو۔سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے وسیع تر مفاد کے آپ کے مقاصد کو تکمیل تک پہنچانے کے لیے میں چیئرمین پی سی بی اور بورڈ آف گورنر کے رکن کی حیثیت سے مستعفیٰ ہوتا ہوں۔واضح رہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی جانب سے عہدہ چھوڑنے اور مدت پوری کرنے کے بعد بورڈ آف گورنرز نے گزشتہ سال نجم سیٹھی کو پی سی بی چیئرمین منتخب کیا تھا۔