اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہو چکے ہیں اور انہوں نے منتخب ہونے کے بعد اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں اپنی پہلی ترجیح گڈ گورننس اور کرپشن کے خاتمہ کو قرار دیا ہے۔ اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہم سٹیٹس کو کو توڑیں گے اور جتنے بھی ممبران ہیں وہ سب اپنے حلقے کے وزیراعلیٰ ہوں گے۔ میرا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے ، آج بھی میرے گھر میں بجلی نہیں ہے ، میں اس علاقے سے تعلق رکھتاہوں
جہاں غربت ہے ، میرے دوست پوچھتے ہیں تمہیں وزیراعلیٰ کیلئے کیوں نامزد کیا گیاتو میں انہیں جواب دیتاہوں کہ میرا میرٹ یہ ہے کہ میں سب سے زیادہ پسماندہ علاقے سے تعلق رکھتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ میں اپوزیشن سمیت تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتاہوں کہ وہ اس جمہوری عمل کا حصہ بنے ، مجھے معلوم ہے کہ پنجاب کا صوبہ بہت بڑاہے ،اس میں بے شمار چیلنجز ہیں اور اللہ کی مہربانی سے اپنے قائد کے ویژن کو آگے لے کر چلتے ہوئے تمام مشکلات پر قابو پائیں گے ۔