اسلام آباد(آن لائن)سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے اعلان پرملکی سیاست میں ہلچل مچ گئی، پیپلزپارٹی رہنماؤں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) ، ایم ایم اے ، ایم کیو ایم سے درپردہ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا۔خبر رساں ادارے آن لائن کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے
وزارت عظمیٰ کاامیدوار بننے میں دلچسپی ظاہر کی تو ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے انہیں فون کرکے ایڈوانس میں مبارکباد دیتے ہوئے آفر کردی کہ ن لیگ کو منانے میں وہ اہم کردار اداکریں گے اور ان کی دلی خواہش ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے ایک مضبوط امیدوار میدان میں آئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی صفوں میں بھی سابق صدر آصف علی زرداری کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو بڑی دلچسپی سے دیکھا جارہا ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے بلاول بھٹو زرداری کے اپوزیشن لیڈر بننے سے متعلق خواہش کا اظہار کیا اور ان سے مدد بھی مانگی جس کا جواب مسلم لیگ (ن) نے تاحال نہیں دیا لیکن ن لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کے اپوزیشن لیڈر سے متعلق بات اب تک نہیں ہوئی ہے جبکہ آصف علی زرداری کے وزارت عظمیٰ کا معاملہ ضرور زیر بحث آیا ہے لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) وہ اقدام نہیں کرے گی جس سے جمہوری اقدار کو خطرات لاحق ہوں۔۔۔)