اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ مجھے افسوس ہے کہ مولانا فضل الرحمان جیسے لوگ منفی سیاست کے مالک ہیں، عمران خان دن رات محنت کر رہے ہیں ، عمران خان مشاورت کر رہے ہیں اور پنجاب کے وزیراعلیٰ کا نام بہت جلد سامنے لایا جائے گا ، شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ۔
ہفتہ کو اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ عمران خان 14 اگست کو وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے،مرکز میں ہماری جماعت سب سے بڑی پارٹی بن چکی ہے، مرکز میں ہم حکومت بنانے جارہے ہیں، تحریک انصاف پاکستان کے تحفظ اور ترقی کے لئے پوری طرح تیار ہے، عمران خان دن رات محنت کررہیہیں، عمران خان 14 اگست کو وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے، وفاقی کابینہ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔نعیم الحق نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا کردار جمہوریت اور آئین کے لئے مفید نہیں، ان کی تخریب کاری نئی بات نہیں، وہ بری طرح شکست کھا چکے ہیں لیکن اب بھی منفی سوچ کا مظاہرہ کررہے ہیں، انہیں احساس ہونا چاہیے کہ پاکستان کے عوام کیا چاہتے ہیں۔ حلف برداری کی تقریب میں بڑی جماعتوں کا شرکت کرنا خوش آئند ہے۔سیاسی جماعتوں سے رابطوں سے متعلق نعیم الحق نے کہا کہ پنجاب حکومت کے حوالے سے رابطے مکمل ہوچکے ہیں اور آئندہ ایک سے دو روز میں قوم کو خوش خبری دیں گے۔ پنجاب کے وزیراعلی کا نام جیسے ہی فائنل ہو گا عوام کو آگاہ کریں گے، تحریک انصاف کا پیپلز پارٹی کا کوئی رابطہ نہیں ہے، چوہدری نثار رابطہ کرنا چاہیں تو کرلیں ہماری طرف سے کوئی پیش رفت نہیں ہے۔پارٹی رہنما ؤ ں میں اختلافات کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ شاہ محمود اورجہانگیر ترین کے درمیان اختلافات سے متعلق ضرورت سے زیادہ افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے تمام رہنما عمران خان کے ساتھ مشاورتی عمل میں شامل ہیں، پی ٹی آئی میں اختلافات کی غلط خبریں میڈیا پر نہ پھیلائی جائیں۔