اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وزیراعظم بننے کے بعد سینیٹ میں شیری رحمان کی جگہ راجہ ظفر الحق قائد حزب اختلاف جبکہ راجہ ظفر الحق کی جگہ تحریک انصاف کے اعظم خان سواتی قائد ایوان بن جائیں گے اور اس کا نوٹیفکیشن سینیٹ سیکرٹریٹ جاری کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں کامیابی کے بعد عمران خان آئندہ دو ہفتوں کے اندر وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیں گے، جس کے بعد سینیٹ میں قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف تبدیل ہو جائیں گے،
مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دوران (ن) لیگ کے چیئرمین راجہ ظفر الحق سینیٹ میں قائد ایوان کے عہدے پر تھے جبکہ پیپلز پارٹی کی شیری رحمان قائد حزب اختلاف ہیں، نئی جمہوری حکومت کے قیام کے بعد مسلم لیگ (ن) سینیٹ میں اکثریتی جماعت ہونے کے باعث قائد حزب اختلاف اختلاف کے عہدے کی حقدار ہے اور اس کیلئے راجہ ظفر الحق کو نامزد کیا جائے گا اسی طرح نئی حکمران جماعت تحریک انصاف جس کے سینیٹ میں 15ارکان ہیں ان کے پارلیمانی لیڈر اعظم خان سواتی قائد ایوان بن جائیں گے۔