کراچی(این این آئی)عام انتخابات 2018میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد گزشتہ حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں ٹیکس دہندگان کی عدم دلچسپی دیکھی جارہی ہے ۔ہفتہ کو ایف بی آر کے دفاتر کھلے رہنے کے باوجود ٹیکس دہندگان کی جانب سے برائے نام گوشوارے جمع کرائے گئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہفتہ کے روز ایف بی آر کے دفاتر کھلے رہے تاکہ ایمنسٹی اسکیم کے تحت گوشوارے جمع کرانے والوں کو سہولت فراہم کی جائے تاہم ٹیکس دہندگان
نے ایمنسٹی اسکیم کے تحت برائے نام گوشوارے داخل کیے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس دہندگان توقع کررہے ہیں کہ نئی آنے والی حکومت اس کی آخری تاریخ جو 31جولائی کو ختم ہورہی ہے میں مزید2ماہ کی توسیع کرسکتی ہے ۔ساتھ ہی اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم کو کامیاب بنانے کے لیے اس میں ترمیم بھی کی جاسکتی ہے ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اقتدار سنبھالنے کے بعد اس اسکیم پر عملدرآمد روک کر کوئی نئی اسکیم متعارف کراسکتی ہے۔