اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے مسلم لیگ(ن) کی جانب سے اے پی سی کی جماعتوں سے راہیں جدا کر کے اسمبلیوں میں حلف لینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے جمہوریت کی بقاء کے لئے خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ مسلم لیگ (ق) ایک معاہدے کے تحت تحریک انصاف کی اتحاد ی اور ہماری حمایت کرنے کی پابند ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کا اسمبلیوں کے بائیکاٹ نہ کرنے اور حلف لینے پر رضامندی ظاہر کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے اور جمہوریت کی بقاء کے لئے مثبت قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نئی جمہوری روایات کے تحت پارلیمان کو چلا کر پاکستان کے عوام کی خدمت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز نے درست اصول کا انتخاب کیا ہے کہ جس جماعت کو اسمبلی میں اکثریت حاصل ہو گی وہی حکومت بنائے۔