اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) شریف خاندان کی جانب سے ایون فیلڈ فلیٹس بیچنے کی کوشش کے بعد نیب بھی متحرک ، فلیٹس کی فروخت رکوانے کیلئے برطانوی حکام سے رابطہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل میڈیا پر یہ خبریں آئی تھیں کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کو بیچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔جس کے لیے پراپرٹی ڈیلرز کی آمدو رفت بھی جاری ہے۔مالکان کی طرف سے ایون فیلڈ ہاؤس کو جلد فروخت کرنے یا پھر کرائے پر دینے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
تاہم اب اس حوالے سے ایک اہم خبر سامنے آئی ہے کہ شریف خاندان کی ایون فیلڈ فلیٹس بیچنے کی کوشش کے بعد نیب متحرک ہو گیا ہے ۔ نیب حکام نے فلیٹس کی فروخت رکوانے کیلئے برطانوی حکام سے رابطہ کرلیا۔نیب نے برطانوی حکام کو پاکستانی عدالت کے فیصلے پر عمل در آمد کا کہہ دیا ہے،واضح رہے نیب نے وزارت خارجہ اور وزارت قانون کی مشاورت کے بعد برطانوی حکام سے رابطہ کیا۔