راولپنڈی (این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے راولپنڈی کے حلقہ این اے 60کے انتخابات ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر الیکشن کمیشن نے آئینی کام کیا ہے تو (آج) پیر کو ہائیکورٹ میں آکر بتائے ۔چیف جسٹس آف پاکستان سے الیکشن ملتوی کرنے کا نوٹس لینے کی اپیل کرتا ہوں ۔اتوار کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی کے حلقہ این اے 60کے
میرے مخالف لیگی امیدوار حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سزاہوئی ہے الیکشن کمیشن کو حلقے میں الیکشن ملتوی نہیں کرنے چاہئیں تھے ۔انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی جمہوریت کے قیدی نہیں ،انہیں منشیات کے مقدمے میں قید ہوئی ۔شیخ رشید نے کہا کہ مجھے اور عمران خان کو الیکشن میں ہرانے کی سازش ہور ہی ہے ۔شیخ رشید نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئینی کام کیا ہے تو (آج) پیر کو ہائیکورٹ میں آکر بتائے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو آئین اور قانون کے مطابق چلنا چاہیے ۔اسے کوئی غیر آئینی کام نہیں کرنا چاہیے ۔شیخ رشید نے کہا کہ بے شک حنیف عباسی کو جیل سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دینی چاہیے ۔اس الیکشن پر میر ے بیس لاکھ روپے لگے ہیں ،میں شیخ ہوں، الیکشن ملتوی ہونے کے بعد مجھے تو رات کو نیند ہی نہیں آرہی ۔انہوں نے کہا کہ میں چیف جسٹس آف پاکستان سے کہتا ہوں کہ وہ راولپنڈ ی کے حلقہ این اے 60کے الیکشن ملتو ی کرنے کا نوٹس لے ۔انہو ں نے کہا کہ آئین اور قانون کے تحت دنیا کی کوئی طاقت الیکشن نہیں روک سکتی ۔امید ہے الیکشن کمیشن آئینی راستہ اختیار کرے گا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخاب ملتوی کرنے کیلئے پہلے 10اور پھر22 جولائی کو لیٹر جاری کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ اختیار استعمال کر نا تھا تو کیپٹن (ر)صفدر کے حلقے میں الیکشن ملتوی کیوں نہیں ہوئے ۔