اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدرنے احتساب عدالت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ‘ درخواست میں نااہلی، جرمانہ،قید اورجائیدادکی قرقی کاحکم کالعدم قرار دیتے ہو ئے تینوں کوبری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ پیر کو نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی معاون وکیل عائشہ حامدنے عدالتی فیصلے کو چیلنج کیا درخواست میں نیب ،نیب کی عدالت اورجج کو فریق بنایاگیاہے۔ درخواست میں
اپیل کی گئی ہے کہ نااہلی، جرمانہ،قید اورجائیدادکی قرقی کاحکم کالعدم قرار دیتے ہو ئے تینوں کوبری کیاجائے۔ اپیل میں مزید درخواست کی گئی ہے کہ اپیلوں کافیصلے تک نوازشریف،مریم نواز،محمدصفدرکوضمانت پررہاکیاجائے اور سزاکومعطل کیا جائے۔ یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 6جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو 10سال قید و جرمانہ، مریم نواز کو 7سال قید و جرمانہ اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزاسنائی تھی ۔