راولپنڈی(نیوز ڈیسک) احتساب عدالت کے ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کی روشنی میں گرفتار کے گئے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا اڈیالہ جیل میں میڈیکل چیک اپ مکمل کرلیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی کو اڈیالہ جیل میں رہنے کے لیے فٹ قرار دیدیا اور ساتھ ہی کے دونوں کی مکمل میڈیکل ہسٹری مرتب کرلی ہے۔میڈیا رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں ہائی سکیورٹی زون کے کمرے میں رکھا گیا جبکہ ان کی صاحبزادی مریم نواز کو خواتین بیرکس میں منتقل کیا گیا۔جیل ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات پر کوئی پابندی نہیں جیل ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کو جیل میں اے یا بی کٹیگری چیف سیکرٹری کے حکم پر دی جائے گی جبکہ جیل حکام نے نواز شریف کو بی کلاس کے حصول کے لیے ایس او پیز سے بھی آگاہ کردیا ہے۔حکام نے بتایا کہ جیل رول کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو جیل میں بی کیٹیگری الاٹ کی جائے گی اور نواز شریف کرسی میز سے لے کر روم کولر تک اپنے پیسوں سے خریدیں گے۔اس کے علاوہ نواز شریف کو جیل میں ائیر کنڈیشنڈ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی اور وہ کھانا بھی جیل کے اندر بنائیں گے۔جیل حکام نے مزید بتایا کہ مریم نواز کو بھی جیل میں بی کیٹیگری الاٹ کرنے کے حوالے سے 4 نکاتی ایس او پی پر عمل کرنا ہوگا جبکہ ان کو اس حوالے سے این ٹی این نمبر سمیت دیگر کوائف مکمل کرنے ہوں گے۔جیل حکام نے بتایا کہ مریم نواز اگر سالانہ 6 لاکھ روپے ٹیکس ادا کرتی رہی ہیں تو ان کو بی کیٹیگری الاٹ ہو سکتی ہے۔