کراچی (نیوز ڈیسک) مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ ذیقعد1439ھ کا چاند نظرآگیاہے ، یکم ذیقعد 1439ھ اتوار15جولائی کوہوگی۔ ہفتہ کو مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت دفتر محکمۂ موسمیات(میٹ کمپلیکس)، موسمیات چورنگی ، یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلا س میں زونل رویتِ ہلال کمیٹی سے مولانا حافظ محمد سلفی، قاری نذیر احمد نعیمی ، مولانا صابر نورانی ،
علامہ علی کرار نقوی اورقاری محمد اقبال نے شرکت کی ۔ فنی معاونت کے لئے محکمۂ موسمیات کراچی کے چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید ا ور سپارکو سے غلام مرتضیٰ نے شرکت کی ۔ پاکستان بھر میں صوبائی وضلعی اور زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکواٹرز پر منعقد ہوئے۔اکثر مقامات پر مطلع ابر آلود تھا ۔ متعدد مقامات سے واضح طورپر چاند نظر آنے کی کثیر تعداد میں شہادتیں موصول ہوئی،لہٰذا یکم ذیقعدہ 1439 ھ بروزاتوار15جولائی کو ہوگی ۔