اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نواز شریف کی گرفتاری کے موقع پر اپنے ذاتی معالج کو اڈیالہ جیل ساتھ لے جانے کی ضد، سکیورٹی حکام نے ڈاکٹر کو طیارے سے ہی اتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف گزشتہ رات وطن واپس پہنچے تو اس موقع پر ان کی گرفتاری کیلئے ائیرپورٹ پر موجود نیب ٹیم اتحاد ائیرویز کے طیارے میں پہنچی ، اس موقع پر نواز شریف کی جانب سے ہلکی سے مزاحمت بھی دیکھنے کو ملی ۔ اس موقع پر نواز شریف اور مریم نواز کا پاسپورٹ ضبط کر لیا گیا۔نواز شریف نے لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے اترنےسے
قبل سکیورٹی حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ان کے ذاتی ڈاکٹر کو ان کے ساتھ آنے کی اجازت دیں۔میاں نواز شریف نے سکیورٹی حکام سے کہا کہ ’’میں ڈاکٹر کے بغیر نہیں جاؤں گا، یہ ناانصافی ہے اور غیرانسانی حرکت ہے کہ مجھے ڈاکٹر کو ساتھ نہیں لیجانے دیا جا رہا۔ حالانکہ ہر شخص جانتاہے کہ میں ماضی میں کس طرح کی طبی صورتحال سے گزر چکا ہوں۔‘‘جب سکیورٹی حکام نے ڈاکٹر کو طیارے سے اتار دیا تو انہوں نے کہا کہ ’’جس طرح سکیورٹی حکام نے مجھے طیارے سے باہر پھینکا ہے، یہ بہت بڑی ناانصافی ہے۔‘‘