اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان عوامی تحریک نے اسلام آ باد ہائیکورٹ میں صدر مملکت کو نواز شریف کی ممکنہ معافی سے روکنے کی درخواست دائر کر دی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ صدارتی معافی پر آرٹیکل 45 آئین کے ڈھانچے کے خلاف ہے، مذکورہ آرٹیکل کو منسوخ کیا جائے ،صدر مملکت کو نواز شریف کی ممکنہ معافی سے روکا جائے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے ایون فیلڈ ریفرنس پر سزا سے متعلق درخواست دائر کردی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت ممنون حسین کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ممکنہ معافی دینے سے روکا جائے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ صدارتی معافی پر آرٹیکل 45 آئین کے ڈھانچے کے خلاف ہے، مذکورہ آرٹیکل کو منسوخ کیا جائے۔درخواست گزار نے کہا کہ صدارتی معافی کا اختیار غیر اسلامی اور بنیادی حقوق سے متصادم ہے، آرٹیکل 45 کی منسوخی کے لیے پارلیمنٹ کو ایڈوائس بھجوائی جائے۔درخواست کے ساتھ نواز شریف کی سزا کے اخباری تراشے بھی لگائے گئے ہیں ۔