اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے پاکستان میں الیکشن سے پہلے اپنی سیکورٹی بہتر بنانے کا اعلان کر دیا۔اتوار کو پاکستان میں فیس بک کے نمائندے صارم عزیز کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیس بک پاکستان سمیت پوری دنیا میں انتخابات کی شفافیت کیلئے کام کر ر ہی ہے اور اس مقصد کیلئے بڑی تعداد میں ملازمین بھی بھرتی کئے ہیں۔فیس بک سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو تضحیک سے بچانے کیلئے بھرپور
اقدامات کر رہی ہے جب کہ جعلی فیس بک اکاونٹس اور بے بنیاد افواہیں ختم کرنے کیلئے بھی کام جاری ہے۔ صارم عزیز نے مزید کہا کہ فیس بک انتظامیہ پاکستان کے انتخابی سسٹم کو سمجھنے اور اس ضمن میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے اور عوام کو گمراہ کرنے کے الزامات کے بعد فیس بک انتظامیہ نے سیکورٹی الرٹ کے تحت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔