واشنگٹن(نیوز ڈیسک) امریکی سیکریٹری دفاع جیمس میٹس نے امریکی فورسز کی جانب سے کالعدم تحریک پاکستان طالبان (ٹی ٹی پی) کے سربراہ ملافضل اللہ کی ہلاکت پر پاکستان کو احساس دلا دیا ہے کہ اسلام آباد کے سب سے بڑے دہشت گرد کو ختم کرنے میں واشنگٹن کا کلیدی کردار رہا۔میڈیارپورٹس کے مطابق پینٹا گون میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے عندیہ دیا کہ پاکستان سے امن مذاکرات میں مزید پیش رفت کے لیے امریکی وفد
بھیجا جائے گا۔انہوں نے تصدیق کی کہ امریکی فورسز نے ہی ٹی ٹی پی کے سربراہ کو نیست و نابود کیا ہے۔جمیس میٹس نے کہا کہ فضل اللہ کے آدمیوں نے اسکول جانے والے بچوں اور اساتذہ کو جان سے مارا اور سوات میں دہشت کی لہر قائم کی۔ان کا کہنا تھا کہ میں ایک مرتبہ سوات گیا، وہ جگہ اتنی خوبصورت ہے کہ دنیا کے کسی خطے میں اس جیسا حسن نہیں ملے گا، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں۔جیمس میٹس نے بتایا کہ ملالہ یوسفزئی پر حملے میں فضل اللہ شامل تھا۔