اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی طرف سے باضابطہ طور پر صوبائی اور قومی اسمبلی کے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ اس میں لیگی قیات نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 59 اور این اے 63 سے چوہدری نثار کے مقابلے میں امیدوار نہ کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب سینئر سیاسی رہنما چوہدری نثار علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پاس ایک شخص ٹیکسلا سے ووٹ لینے آئے گا، میرا مخالف شخص آٹھ سال مشرف کی وردی کے پیچھے چھپتا رہا، انہوں نے کہا کہ یہ ہی میرا مخالف پیپلز پارٹی میں بھی رہا ہے، اس شخص کی ایم اے ، بی اے کی ڈگری جعلی ہے اور میٹرک بھی فیل ہے، اس شخص کی پہچان یہ ہے کہ یہ میرا مخالف ہے اس لیے پیپلزپارٹی اور پرویز مشرف نے اس کو وزیر بنایا، اس شخص کو میری مخالفت کی وجہ سے عمران خان نے ٹکٹ دیا، چوہدری نثار علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص ق لیگ کے دور میں مشرف کا ایم پی اے رہا آج نواز شریف سے وفاداری دکھا رہا ہے۔قیامت کی نشانیاں ہیں مشرف کے حمایتی آج نواز شریف کی تعریف کر رہے ہیں، ان لوگوں کی مثال ایسی ہے جیسے چور پولیس کی تعریف کر رہا ہو، چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میں کسی ٹکٹ کا محتاج نہیں ہوں، الیکشن میں میرے مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی، انہوں نے کہا کہ اوپر اللہ اور نیچے اس کی مخلوق کا محتاج ہوں، پچیس جولائی کو یہ مخلوق خدا چوہدری نثار کے مخالفین کی ضمانتیں ضبط کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین بھی آئیں اور اس حلقے سے الیکشن لڑیں، مخالفین ہمارے دشمن نہیں، دوست ہیں، چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ اس بار کوئی شک نہیں کہ یہاں سے ریکارڈ کامیابی ہو گی، اس حلقے پر ساری دنیا کی نظریں ہوں گی، انہوں نے کہا کہ اگر اقتدار کی لالچ ہوتی تو ایک سال سے وزارت چھوڑ کر نہ بیٹھا ہوتا، اگر ٹکٹ اہم ہے تو ایک درخواست ہی دینا تھی ناں، عمران خان کہتے ہیں جتنی چاہے ٹکٹیں لے لو، انہوں نے کہا کہ میرے لیے تمام دروازے کھلے ہیں۔