اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نازیہ راحیل نے مسلم لیگ (ن) سے ٹکٹ مانگا لیکن انہیں تحریک انصاف نے ٹکٹ دے دیا ہے، نازیہ راحیل دو دفعہ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ سے انتخاب لڑ چکی ہیں، نازیہ راحیل نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ
اس خبر کی میں تردید کرنا چاہتی ہوں، 2008 اور 2013ء میں مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑی تھی اور اسمبلی میں پہنچی تھی اور انشاء اللہ میں 2018ء میں بھی مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے ہی الیکشن لڑوں گی، نازیہ راحیل نے کہا کہ تحریک انصاف نے ان کا نام اپنی ویب سائٹ پر دے دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ جھوٹی ہے، میں نے کبھی تحریک انصاف کو ٹکٹ کے لیے درخواست نہیں دی، میں ان سے پوچھنا چاہوں گی کہ انہوں نے میرا نام ویب سائٹ پر کیوں دیا ہے، انہوں نے کہا کہ میں اپنے وکیل سے مشاورت کر رہی ہوں اور ہو سکتا ہے کہ میں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں، نازیہ راحیل نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ان کو اپنی شکست واضح نظر آ رہی ہے اس لیے یہ اس طرح کے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ اس طرح نازیہ راحیل نے اس خبر کی تردید کر دی ہے۔ عمران خان نے آج دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے تمام امیدواروں کے پروفائل خود چیک کیے ہیں اور خود تمام امیدواروں کا فیصلہ کیا ہے، سوشل میڈیا پر لوگ اس بات پر حیران ہیں کہ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت اتنا بڑا بلنڈر کیسے کر سکتی ہے۔