لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )ماضی کی معروف اداکارہ شبنم کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے جرم میں سزایافتہ فاروق بندیال کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر طوفان برپا ہو نے پر عمران خان نے فوری طور پر فاروق بندیال کو پی ٹی آئی سے نکالنے اوران کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے ۔پارٹی سے نکالنے پر فاروق بندیا ل سامنے آگئے ہیں اور اپنے جرم پر انتہائی حیران کن موقف دے دیاہے ۔نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق فاروق بندیال کا کہناہے کہ ”کالج کے زمانے میں چھوٹی موٹی غلطیاں ہو جاتی ہیں ،یہ میرا
ماضی تھا اور حال نہیں ہے، ریپ کے الزام میں صداقت نہیں ،ڈکیتی کے کیس میں ملوث تھا ،اداکارہ شبنم زندہ ہیں آپ ان سے پوچھ لیجیے “۔فاروق بندیال کا کہناتھا کہ میرے نظریات پی ٹی آئی سے ملتے ہیں اور اگر وہ مجھے ٹکٹ نہیں دیں گے تو میں آزاد الیکشن لڑوں گا ۔واضح رہے کہ یہ دل دہلا دینے والا واقع ضیا دور میں 1980 میں پیش آیا اور اس وقت کی خصوصی عدالت نے انہیں سزائے موت سنائی تھی تاہم بعدازاں ان کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا گیا لیکن بعد میں اداکارہ شبنم نے انہیں معاف کر دیاجس پر انہیں رہائی ملی ۔