لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) اب لوڈ شیڈنگ جانے اور عوام جانے، یہ الفاظ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کڈنی انسٹی ٹیوٹ ریسرچ سنٹر کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کڈنی انسٹی ٹیوٹ ریسرچ سنٹر کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہ بین الاقوامی سطح کا پہلا ہسپتال ہے جو 20 ارب روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا، انہوں نے بتایا کہ اس ہسپتال میں 70 ڈاکٹرز یورپ
اور مڈل ایسٹ سے آئے ہیں، پاکستانی مریضوں کو اب اپنا علاج معالجہ کرانے کے لیے بھارت جانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بجلی نہ ہوتی تو بہت زیادہ لوڈشیڈنگ ہو رہی ہوتی، لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے۔ کل سے لوڈشیڈنگ جانے اور آپ جانیں، ہم نے اپنا امتحان پاس کر لیا ہے۔ اس موقع پر وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اعتراف کیا کہ شدید گرمی ہے، لوڈشیڈنگ 100 فیصد ختم نہیں ہوئی لیکن کافی کم ہو گئی ہے۔