اسلام آباد(آئی این پی)وزیر خارجہ خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سرزمین پر دہشت گردی کو شکست دی‘ حکومت نے خارجہ پالیسی کی نئے سرے سے پیمانہ بندی کی ‘ خارجہ امور میں چین کے ساتھ تعلقات اور سی پیک پر پیش رفت بڑی کامیابی ہے ‘ 5 سال میں 10 سربراہان مملکت نے پاکستان کے دورے کئے ‘ بھارت نے کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کئے۔
پاکستان مستحکم اور پر امن افغانستان کا خواہاں ہے‘ افغانستان کی حکومت بارڈر مینجمنٹ پر توجہ دے۔ جمعرات کو وزیر خارجہ خرم دستگیر نے الوداعی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خارجہ پالیسی تنہائی میں نہیں بن سکتی بہت سے عناصر ہیں۔ پاکستان کو علاقائی اسٹریٹجک صورتحال کا سامنا ہے ‘ پاکستان کو اندرونی سلامتی کے چیلنجز درپیش تھے پاکستان نے اپنی سرزمین پر دہشت گردی کو شکست دی۔ حکومت نے خارجہ پالیسی کی نئے سرے سے پیمانہ بندی کی توجہ علاقائی روابط کا فروغ تھا۔ چین کے ساتھ تعلقات مستحکم کئے 5 سال میں 10 سربراہان مملکت نے پاکستان کے دورے کئے۔ چین کے صدر کا دورہ کلیدی اہمیت کا حامل رہا۔ 5 سال میں خارجہ پالیسی کے محاذ پر چیلنجز کا سامنا رہا۔ خارجہ امور میں چین کے ساتھ تعلقات اور سی پیک پر پیش رفت بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان کی سفارتی تنہائی کے تمام مفروضے غلط ثابت ہوئے۔ پاکستانی قیادت نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کئے۔