حکومتی مدت ختم ہوتے ہی کس کس کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا، وفاق، نیب اور چاروں صوبوں کی درخواستیں تیار، کھلبلی مچ گئی اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزارت داخلہ موجودہ حکومت کی مدت پوری ہوتے ہی اہم کیسوں کے کئی ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈال دے گی
جبکہ نیب کی طرف سے وفاق اور صوبوں میں کام کرنے والے اہم بیوروکریٹس کے نام ای سی ایل میں ڈلوانے کی درخواستیں بھی تیار کر لی گئی ہیں جو نگران حکومت کے قائم ہوتے ہی وزارت داخلہ کو بجھوا دی جائیں گی ۔تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کے پاس ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے نیب کی درخواستیں زیر التوا ہیں ۔نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں اور سینیٹر اسحاق ڈار سمیت کئی افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کو درخواستیں ارسال کر رکھی ہیں تاہم وزیرداخلہ احسن اقبال نے ای سی ایل پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے کسی بھی شخص کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں رکھنے کی منظور وفاقی کابینہ سے لینے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں اس لیے سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کے بچوں اور سینیٹر اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا جا سکا۔ ذرائع کے مطابق نیب نے وفاق اور صوبوں میں کام کرنے والے کئی اہم بیورو کریٹس کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کروانے کے کیس تیار کر رکھے ہیں جو نگران حکومت کے قائم ہوتے ہی وزارت داخلہ کو ارسال کردیے جائیں گے ۔ (آچ)