لاہور( این این آئی)عام انتخابات کی حتمی تاریخ سامنے آتے ہی تحریک انصاف نے امیدواروں کے حتمی ناموں کا اعلان کرنے کیلئے پارلیمانی بورڈز کے اجلاسوں کا شیڈول جاری کردیا جبکہ مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کوشش ہوگی کہ تمام امیدواروں پر اتفاق رائے ہو ،
مسلم لیگ(ن) پورے ملک میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور انتخابات میں اس کی سیاسی تدفین ہو گی ۔ فواد چوہدری کے مطابق پارلیمانی بورڈ کے اجلاس31مئی سے طلب کرلیے گئے جن میں مختلف امیدواروں کے حتمی ناموں کا اعلان کیا جائے گا اور یہ مرحلہ 6 جون تک مکمل ہوگا۔ پارٹی ترجمان کے مطابق 4100 کے قریب امیدواروں کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جن سے تحریک انصاف کی عوام میں مقبولیت کا اندازہ ہوسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف 31 مئی کو اسلام آباد ،2اور3 جون کو پنجاب کے امیدواروں کا اعلان کرے گی، 4 جون کو فاٹا اور خیبر پختوانخواہ ،5 جون کو سندھ اور 6 جون کو بلوچستان کے امیدواروں کے حتمی نام سامنے آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہو گی کہ اس مرحلے پر اتفاق رائے ہو اور قیادت سارے عمل کی خود نگرانی کرے گی ۔ مضبوط اتحاد اوراتفاق کے ساتھ انتخابی میدان میں اتریں گے اور سیاسی مخالفین کو شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور یہ اس کی قیادت کے اعمال کا نتیجہ ہے ۔ انتخابات میں (ن) لیگ کی سیاسی تدفین ہو جائے گی۔