اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ممبئی حملوں بارے متنازعہ انٹرویو پر طوفان ابھی تھما نہیں اور نئے نئے انکشافات اور تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ معروف کالم نگار و تجزیہ نگار ہارون الرشید نے نواز شریف کے اس متنازعہ انٹرویو کا ذمہ دار راحیل شریف کو قرار دیتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’’ کیا جنرل راحیل شریف بھی ملک سے بے وفائی کا مرتکب نہیں ہوا، جانتے بوجھتے اس نے نواز شریف اور مریم نواز
کو ڈان لیکس کی تحقیقات سے الگ کر دیا‘‘ خیال رہے کہ ڈان لیکس کے معاملے پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی، اس وقت کے وزیر اطلاعات پرویز رشید اور پرنسپل انفارمیشن سیکرٹری راؤ تحسین کو عہدوں سے ہٹایا گیا تھا لیکن آج تک یہ بات واضح نہیں ہوسکی کہ ڈان لیکس کا اصل ذمہ دار کون تھا. اپوزیشن جماعتیں اور بعض سیاسی تجزیہ کار ڈان لیکس کا ذمہ دار مریم نواز کو قرار دیتے ہیں جس کا اندازہ ہارون الرشید کے ٹویٹ سے بھی کیا جاسکتا ہے۔