اسلام آباد(آئی این پی ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بلوچستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے کرنل سہیل عابد کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بطور قوم بزدل دشمن کے خلاف سینہ سپر اور متحد ہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، کرنل سہیل عابد شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، انکے درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہیں۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کرنل سہیل عابد کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ بہادر افواج سرزمین پاک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پر عزم ہو کر لڑتی رہیں گی، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شہید کرنل سہیل کے اہلخانہ کے ساتھ دلی تعزیت اور شہید کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم بطور قوم بزدل دشمن کے خلاف سینہ سپر اور متحد ہیں، دھرتی کی حفاظت کے لیے اپنے خون کی بھاری قربانیاں دیں جس کی کوئی مثال نہیں۔یاد رہے کرنل سہیل عابد نے بلوچستان کے علاقے کلی الماس میں دہشت گرووں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ مادر وطن کے اس غیور بیٹے نے خود کش بمباروں سمیت 3 دہشتگرد جہنم واصل کئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں کالعدم لشکرجھنگوی بلوچستان کا سرغنہ سلمان بادینی بھی شامل ہے۔ بادینی 100سے زائد ہزارہ کمیونٹی کے افراد اور پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھا جس کے سر کی قیمت 20 لاکھ مقرر تھی۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ قوم دفاع وطن کے لئے قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی‘ دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان نے بے مثال قربانیاں دیں۔ جمعرات کو سپیکر قومی اسمبلی نے کرنل سہیل شہید کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہدہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان نے بے مثال قربانیاں دیں۔
قوم دفاع وطن کے لئے قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ دشمن ہمارے جوانوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتا۔ اس موقع پر سردار ایاز صادق نے شہید کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی اور شہید کرنل کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کرنل سہیل عابد شہید کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں‘ کرنل سہیل عابد جیسے جوان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ جمعرات کو سماجی رابطوں کیویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران نے کہا کہ کرنل سہیل جیسے جوان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ کرنل سہیل عابد شہید کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ عمران خان نے شہید کرنل سہیل عابد کے اہل خانہ کے لئے دعا کی۔