اسلام آباد(آن لائن) مالی سال کے اختتام سے قبل پارلیمنٹ کی بیوروکریسی نے بھی پارلیمنٹ کی لفٹ کی مرمت کے نام پر 75 لاکھ روپے سے زائد قومی خزانہ سے نکالنے کا ارادہ کر لیا ہے ۔ لفٹ آپریٹرز کی وردیوں کے نام پر بھی 5 لاکھ روپے بھی قومی خزانہ سے نکالے جائیں گے ۔حاصل کی گئی سرکاری دستاویزات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے ایئرکنڈیشن کی مرمت کے نام پر افسران نے سپیکر ایاز صادق کی منظوری سے 36 لاکھ روپے
فنڈز منظور کرائے ہیں جو مالی سال کے اختتام سے قبل خزانہ سے حاصل کر لئے جائیں گے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے ایلی ویٹر کی مرمت کے نام پر 17 لاکھ روپے قومی خزانہ سے حاصل کر لئے جائیں گے۔ جس کی منطوری سپیکر ایاز صادق نے دے دی ہے۔ افسران نے پارلیمنٹ ہاؤس میں بجلی کی تاروں کے علاوہ الیکٹرک سامان کی خریداری پر 9 لاکھ 87 ہزار روپے کا بل تیار کر کے منظور کرا لیا ہے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں نئے ایل ای ڈی ٹی وی سیٹ کی خریداری کے لئے 9 لاکھ روپے کی منظوری حاصل کر لی ہے ۔ یہ ٹی وی سیٹ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران کے تمام کمروں میں نصب کئے جائیں گے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں لفٹ آپریٹر کی یونیفارم کے نام پر بھی 5 لاکھ روپے فنڈز منطور کئے گئے ہیں ۔ یہ تمام فنڈز مالی سال کے اختتام سے قبل افسران وزارت خزانہ سے حاصل کر لیں گے ۔ سیکر قومی اسمبلی نے اس 75 لاکھ روپے کے فنڈز کی باقاعدہ منظوری حاصل کر لی ہیں ۔