اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن(ریٹائرڈ) صفدر نے نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر تنقید کو سازش قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ میڈیا نے سیاق وسباق سے ہٹ کر بیان پیش کیا ، یہ وہی معاملہ ہے،ہم دعا لکھتے رہے وہ دغا پڑھتے رہے۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے نواز شریف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئےسابق وزیراعظم کے بیان پر تنقید کو سازش قرار دیا اور کہا کہ الیکشن سے پہلے نواز شریف کے کیخلاف سازشیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک نکتہ نے محرم سے مجرم بنا دیا، سازش کنٹینر سے شروع ہوکر عدالتوں تک پہنچی، نواز شریف کے بیان کو صحیح طرح سے پڑھاجائے، بھارتی میڈیا نے نواز شریف کے بیان کو تبدیل کیا۔صحافی نے سوال کیا کہ کیا نواز شریف سے انٹرویو فواد حسن فواد نے طے کرایا؟ جس کے جواب میں نواز شریف کے داماد نے کہا کہ اس بارے میں فواد حسن فواد ہی بتا سکتے ہیں مجھے معلوم نہیں۔صحافی نے ایک اور سوال کیا کہ آپ فوج میں رہے ہیں ، فوج کانواز شریف کے بیان پر کیا رد عمل ہوگا، جس پر کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ میں اب بھی فوج کا حصہ ہوں اور مجاہد ہوں ، فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں جو اس بیان پرایکشن لے۔انھوں نے کہا کہ ملک میں الیکشن ہو نے والے ہیں ،سیاسی جنگ جاری ہے، نواز شریف کے بیان کی مذمت نہیں کروں گا۔