اسلام آباد (آئی این پی)مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف کی طرف سے دیئے گئے حالیہ متنازعہ بیان کے بعد صورتحال بہت خراب ہو گئی ہے، مسلم لیگ (ن) کے 25سے زائد ارکان نے نواز شریف سے ملاقات کر کے ان پر زور دیا کہ وہ اس بیان کی وضاحت کریں، پہلے وہ آمادہ ہوئے،بعد ازاں وضاحت نہیں کی۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں نوازشریف کے بیان پرردعمل میں مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا کہ
نواز شریف کو ایسا متنازعہ بیان نہیں دینا چاہیے تھا، جب سے نواز شریف کا یہ بیان آیا ہے میں صدمے میں ہوں کہ 3مرتبہ وزیراعظم کے عہدے پر رہنے والا شخص نے ایسی بات کیوں کی، انہیں غیر ذمہ دارانہ ردعمل اختیار نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جن ارکان نے نواز شریف سے ملاقات کر کے کہا تھا کہ متنازعہ بیان کی وضاحت کریں کیونکہ مسلم لیگ (ن) کو نقصان ہو رہا ہے اور ملک کو بھی نقصان ہو رہا ہے، ان ارکان نے نواز شریف سے یہ بھی کہا کہ آپ شہبازشریف کو راستہ دیں اور انہیں مکمل اختیارات دیں تا کہ موجودہ خراب صورتحال سے پارٹی کو نکال سکیں لیکن نواز شریف نے سنی ان سنی کر دی۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم سے اسمبلی میں میری ملاقات ہوئی لیکن اس معاملے پر کھل کر بات نہ ہو سکی، انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر نے کہا تھا کہ عراق پر حملہ ہماری غلطی تھی لیکن اس نے اس بیان کے بعد اپنے اداروں کو ٹارگٹ نہیں کیا اور جو بھی بات کی ان ہاؤس کی اور نواز شریف کو بھی چاہیے تھا کہ جو بھی کرنی تھی اندر رہ کر کرنی تھی، بھارت ہمارا دشمن ملک ہے اور کوئی بھی پاکستانی جس بات سے بھارت کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہو اس کی کبھی بھی حمایت نہیں کرسکتا۔(اح+ط س)