کراچی(این این آئی)محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ رمضان کا چاندکل بدھ کو نظر آسکتا ہے،ماہ رمضان کاچاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل کراچی میں ہوگا۔ڈائریکٹر جنرل موسمیات ڈاکٹر غلام رسول نے کہا ہے کہ بلوچستان کے جنوب مغربی اضلاع اور سندھ میں 16 مئی کو مطلع صاف ہو گا، جس کے باعث رمضان المبارک کا چاند نظر آ سکے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے جنوب مغربی اضلاع
اور سندھ میں 16 مئی کو مطلع صاف رہنے کی توقع ہے۔ امید ہے کہ اس دوران رمضان المبارک 1439 ہجری کا چاند نظر آ سکے گا۔فلکیات اور موسمیات سے وابستہ ماہرین کے مطابق23گھنٹے سے زائد عمر کا چاند دیکھا جا سکتا ہے۔16مئی کو چاند کی عمر 27 گھنٹے ہو گی جو مطلوبہ معیار سے چار گھنٹے زیادہ ہے۔ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ رمضان کا چاند غروب آفتاب کے بعد ایک گھنٹے تک نظر آ سکے گا۔