اسلام آباد (آئی این پی ) افغانستان کے سفیر عمر زخیلوال نے کہا کہ پاکستان دنیا کے لئے خطے کا دروازہ اور افغانستان پل ہے‘ دونوں ممالک ایک دوسرے کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، علاقائی سطح پر اقتصادیات کا ایک دوسرے پر انحصار ہی امن کا ضامن ہوگا، اعتماد استحکام ‘ ترقی اور یکساں خوشحالی پاکستان اور افغانستان میں اہم ہے۔ منگل کو پاکستان‘ افغانستان اور چین کا سہ فریقی غیر رسمی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں افغانستان اور چین سے پندرہ سے زائد مندوبین اور رکن پارلیمان نے شرکت کی۔ مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افغان سفیر عمر زخیلوال نے کہا کہ چین کی سرمایہ کاری خطے میں ترقی و استحکام کا باعث ہوگی۔ پاکستان دنیا کے لئے خطے کا دروازہ اور افغانستان پل ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کی نوعیت نے مشکلات پیدا کیں۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ پاکستان کو افغانستان کو تجارت سے شرح نمو بڑھے گی جو آج چار فیصد ہے۔ خطے میں تنظیمیں‘ منصوبے‘ سی پیک اور توسیع ٹرانسپورٹ سب موجود ہیں۔ علاقائی سطح پر اقتصادیات کا ایک دوسرے پر انحصار ہی امن کا ضامن ہوگا۔ اعتماد استحکام ‘ ترقی اور یکساں خوشحالی پاکستان اور افغانستان میں اہم ہے۔