اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لیے عملدرآمد کمیٹی تشکیل دے دی۔تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق میر بلخ شیر مزاری کو 6 رکنی کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا اور کمیٹی کے دیگر اراکین میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، اسحاق خاکوانی، خسرو بختیار اور طاہر بشیر چیمہ شامل ہیں۔ اعلامیے کے مطابق کمیٹی کے ٹی او آرز بھی طے کیے گئے ہیں جس کے مطابق کمیٹی جنوبی پنجاب صوبہ بنانیکے لیے تمام مطلوبہ
اقدامات اور پہلوؤں کا جائزہ لیگی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کمیٹی جنوبی صوبے کے معاملے میں رہنمائی اور حکمت عملی بنانے کے لیے ماہر کی خدمات حاصل کر سکے گی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ کمیٹی 100دن کے اندر جنوبی صوبے کے قیام کے حوالے سے عملدرآمد پلان تحریک انصاف کے چیئر مین کو پیش کرے گی۔خیال رہے کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے جنوبی صوبہ محاذ بنانے کے بعد چند روز قبل ہی تحریک انصاف میں ضم ہونے کا اعلان کیا تھا۔