لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو نواز شریف کے متنازعہ بیان پر سخت موقف اپنانے کی ہدایت کر دی ۔ذرائع کے مطابق چیئرمین سیکرٹریٹ لاہور میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے میڈیا اسٹریٹجی کا اجلاس ہوا جس میں سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان ،سیکرٹری اطلاعات فواد چودھری ،شعیب صدیقی، ڈاکٹر مراد راس، اعجاز احمد چودھری، عندلیب عباس،
عائشہ چودھری شریک ہوئے۔اجلاس میں کپتان نے گیارہ نکات پر اپنا موقف ٹاک شوز میں دلائل کے ساتھ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گیارہ نکات ہی الیکشن مہم کا حصہ ہیں۔ ٹاک شوز میں حریف جماعتوں کے قائدین کو ٹف ٹائم دیا جائے۔عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ بیان پر بھی سخت موقف اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کو ممبئی حملوں کے حوالے سے نوازشریف کے بیان پر آڑے ہاتھوں لیاجائے۔