اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ میں امریکی سفارتکار کی ٹکر سے نوجوان عتیق کی ہلاکت سے متعلق درخواست کی سماعت ۔نوجوان عتیق کے والد کی درخواست پر جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے وزارت داخلہ کو امریکی دفاعی اتاشی کا کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ
میں آج امریکی دفاعی اتاشی کرنل جوزف کی ٹکر سے نوجوان عتیق کی ہلاکت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، نوجوان عتیق کے والد کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے وزارت داخلہ کو حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق دو ہفتوں میں فیصلہ کرے۔ملزم کرنل جوزف کو مکمل استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔ واضح رہے کہ عدالت نے ہلاک ہونے والے نوجوان عتیق کے والد کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنا یا گیا ہے۔ گذشتہ ماہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل رکنی بینچ نے امریکی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے شہری عتیق بیگ کے والد محمد ادریس کی جانب سے امریکی سفارت کار کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور پولیس کو شفاف تحقیقات کر نے کا حکم دینے کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ۔جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ ای سی ایل میں نام ڈالنے سے متعلق قانونی نقطہ بتائیں جس پر وکیل نے کہا کہ کرنل جوزف سفارت کار ہے لہذا اس کے خلاف جنیوا کنونشن کے تحت کارروائی کی جائے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ وفاقی پولیس نے میڈیا پر خبریں آنے کے
بعد مقدمہ تو درج کر لیا ہے لیکن وفاقی پولیس تحقیقات کیلئے سنجیدہ کوشش نہیں کر رہی لہذا استدعا ہے کہ عدالت پولیس کو شفاف تحقیقات کر کے ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوط کر لیا تھا۔