اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی دارالحکومت میں لاقانونیت، جرائم، منشیات ، جسم فروشی اور عیاشی کے اڈوں پر پولیس کی سرزنش ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے آئی جی اسلام آباد کو کل طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت اور جرائم پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے نوٹس لیتے ہوئے کل آئی جی اسلام آباد کو طلب کر لیا ہے۔ پولیس کی ناقص کارکردگی پر ایس ایچ او تھانہ کوہسار خالد اعوان کی سرزنش کرتے ہوئے
جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہنا تھا کہ پولیس ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دئیے کہ اسلام آباد جرائم، منشیات ، جسم فروشی اور عیاشی کا گڑھ بن چکا ہے۔ آئی جی اور ایس ایس پی بتائیں کہ قحبہ خانے اور شراب فروشی کے اڈوں کے خلاف اب تک کیا کارروائی کی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں شراب فروشی اور جسم فروشی کے اڈوں سمیت نائٹ کلبز کا انکشاف بھی مختلف میڈیارپورٹس میں ہوتا رہا ہے۔