لاہور( این این آئی) سندر کے علاقہ میں دودھ پلائی رسم کے دوران شادی والا گھر میدان جنگ بن گیا ، دلہن والوں نے دلہے سمیت باراتیوں کو بد ترین تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے کپڑے بھی پھاڑ ڈالے ۔ بتایا گیا ہے کہ حبیب آباد کے رہائشی ندیم کی بارات سندر کے علاقے میں آئی جہاں دودھ پلائی رسم کے دوران دونوں خاندانوں میں جھگڑا ہو گیا ۔ پولیس کے مطابق دلہن والے دو ہزار روپے لینے
جبکہ دلہا والے ایک ہزار روپے دینے پر بضد تھے کہ اسی دوران بات مذاق سے بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک جا پہنچی ۔ لڑکی والوں نے دلہا ندیم سمیت دیگر باراتیوں کو بد ترین تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے کپڑے بھی پھاڑ ڈالے ۔ اس ساری صورتحال میں دلہن بھی پیش پیش رہی اور اس نے بھی باراتیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس کا ہاتھ زخمی ہو گیا۔