اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری سے پی ٹی آئی اور قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں نے ملاقات کرکے اپنی پارٹیوں کو خیرباد کہہ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ہفتہ کو زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی ایم پی اے دینہ ناز،
حیات آباد سے پی ٹی آئی کے ناظم مسعود خٹک، رحمت آباد کے نائب ناظم حکیم الرحمن اور کوہاٹ سے قومی وطن پارٹی کے امیدوار اور ریجنل جنرل سیکریٹری مسعود الاسلام نے اپنی پارٹی چھوڑ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سابق صدر سے ملاقات کرنے والوں میں وکلاء کا وفد بھی شامل تھا جن میں نیازالرحمن ، مسعود خٹک، عبدالرحمن خٹک اور نمبردار انور علی طور ڈنڈ شامل تھے۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے پی کے صدر ہمایوں خان، بیرسٹر مسعود کوثر، سینیٹر بہرہ مند تنگی، سینیٹر روبینہ خالد، سینیٹر سردار علی خان اور صدر آصف علی کے ترجمان عامر فدا پراچہ بھی موجود تھے۔ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں نے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کچلے ہوئے طبقات کی حمایت کی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے پختون عوام کو شناخت دے کر پختونوں کے دل جیت لئے ہیں۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ برداشت اور سیاسی رواداری کی تلقین کی ہے جس سے مہذب معاشرہ قائم ہوگا۔ رہنماؤں نے کہا کہ پختون عوام کو یقین ہے کہ آصف علی زرداری جو وعدہ کرتے ہیں اس وعدے کو پورا کرتے ہیں۔ پختونخوا کے عوام اپنی آئندہ نسلوں کے تابناک مستقبل کے لئے پیپلزپارٹی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔