لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے درخواست پر فیصلہ سنایا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں جبکہ درخواست گزار نے متعلقہ فورم سے بھی رجوع نہیں کیا۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 62،63کے تحت
جنرل (ر) پرویز مشرف کو 2013 ء کے انتخابات میں نا اہل قرار دیا گیا، پولیٹیکل پارٹیز آرڈر کے تحت نا اہل شخص پارٹی صدر نہیں بن سکتا،عدالت عظمیٰ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو بھی اسی قانون کے تحت پارٹی صدارت سے نا اہل کر چکی ہے۔ استدعا کی گئی کہ بطور پارٹی صدر جنرل(ر) پرویزمشرف کی جانب سے کئے گئے تمام فیصلوں کو کالعدم جبکہ پارٹی صدارت کے عہدے کے لیے بھی نا اہل قرار دیا جائے۔