لاہور( این این آئی)بھٹہ چوک کے قریب اینٹوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی ہائوسنگ سوسائٹی کے گیٹ سے ٹکرانے سے تین مزدور جاں بحق ہوگئے،تینوںمزدور اینٹوں کے اوپر سوئے ہوئے تھے کہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث حادثے کا شکار ہو گئے ۔بتایا گیاہے کہ لاہور کے علاقے بھٹہ چوک کے قریب اینٹوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی ہائوسنگ سوسائٹی میں داخل ہو رہی تھی کہ ڈرائیور گیٹ کی کم اونچائی کا اندازہ نہ لگا سکا اور ٹریکٹر ٹرالی
ہائوسنگ سوسائٹی کے گیٹ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں اینٹوں کے اوپر سوئے 3 مزدور بری طرح کچلے گئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔مقامی لوگوں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور ڈرائیور محمد ندیم کو حراست میں لے کر ٹریکٹر ٹرالی کو تحویل میں لے لیا۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق رائیونڈ کے علاقے کوٹ رادھا کشن سے تھا جن کی شناخت ساجد، شاہد اور نثار کے نام سے ہوئی ہے ۔ پولیس نے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی لاشیں پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی ہیں۔