اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز چھوڑنے کے بعد سینئر صحافی آفتاب اقبال نے دھماکہ خیز خبر سنا دی، اپنا ٹی وی چینل کھولنے کی تیاریوں میں مصروف، چینل کا نام’آپ نیوز‘ رکھ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز چھوڑنے کے بعد سینئر صحافی آفتاب اقبال سے متعلق دھماکہ خیز خبر یہ ہے کہ انہوں نے اپنا ٹی وی چینل کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے
اور چینل لانچ کرنے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ آفتاب اقبال نے اپنے یوٹیوب چینل پر نجی ٹی وی ایکسپریس کے پروگرام ’خبردار‘کی ٹیم کے ساتھ گفتگو کے دوران بتایا ہے کہ ان کا چینل بنانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا اور وہ اپنے پروگرام کے ساتھ ہی خوش تھے لیکن چینل ان کی قسمت میں لکھ دیا گیا تھا۔ وہ اس چینل کے انتظامی امور فریضہ سمجھ کر ادا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ آفتاب اقبال نے کہا کہ انہوں نے مینجمنٹ کا کام پوری زندگی میں کبھی نہیں کیا لیکن اب کرنا پڑ رہا ہے جس میں ان کا بھائی جنید اقبال اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اگر یہ کوئی اولمپک مقابلہ ہوتا تو اس کا گولڈ میڈل ان کے بھائی کو ملتا، اس کے علاوہ ان کے استاد فیصل شیر جان بھی ان کی طاقت بنے ہوئے ہیں۔چینل کھولنے کی ضرورت کیوں پیش آئی ؟ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے آفتاب اقبال نے کہا کہ دوسرے چینلز بھی اچھا کام کر رہے ہیں لیکن سب انفارمیشن کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں اور نالج کی بات کوئی نہیں کرتا۔چینل کا نام آپ نیوز رکھنے کے پیچھے منطق واضح کرتے ہوئے آفتاب اقبال نے کہا کہ تین حرفی نام زبان پر آسان ہوتے ہیں اور وہ ایک خاص وقت میں ادا کرلیے جاتے ہیں جیسا کہ بی بی سی ، جیو ، نیو،سی این این، بی بی سی وغیرہ جبکہ لمبا نام لینے میں مشکل پیش آتی ہے۔واضح رہے کہ آفتاب اقبال نجی ٹی وی دنیا نیوزکے طنز و مزاح کے پروگرام حسب حال سےمشہور ہوئے جس میں ان کے ساتھ معروف کامیڈین سہیل احمد بھی ہوتے تھے۔ اس کے بعد آفتاب اقبال نے جیو نیوز کو جوائن کر لیا اور طنز و مزاح کے پروگرام خبرناک سے شہریت کو بلندیوں کو چھوا۔ اس پروگرام کا پیٹرن اور انداز بالکل نیا تھا جبکہ جیو نیوز کے بعد آپ نے ایکسپریس نیوز میں خبرناک طرز کا پروگرام خبردار شروع کیا اور اب اپنا چینل کھولنے کی تصدیق کر دی ہے۔