اسلام آباد (این این آئی) نیب راولپنڈی نے عوام کو دھوکہ دہی سے بڑے پیمانے پر لوٹنے میں ملوث سوزوکی چودھری موٹرز راولپنڈی/اسلام آباد کے مالک/پارٹنر داؤد خالد کو گرفتار کر لیا ہے، ملزمان نے شوروم کے نام پر ماہانہ بنیادوں پر سرمایہ کاری پر بھاری منافع کا لالچ دے کر
عوام سے بھاری رقوم لوٹیں ۔ایک اور کیس میں نیب راولپنڈی نے محکمہ جنگلات گلگت بلتستان کے افسران کیخلاف احتساب عدالت گلگت بلتستان میں بدعنوانی کا ریفرنس دائر کردیا ہے ۔ ملزمان سابق کنزرویٹر گلگت محمد اسماعیل ظفر، ڈویژنل پریس آفیسر استور سلیم اللہ خان، سابق رینج پریس آفیسر محکمہ جنگلات قدر دان، مسکین فقیر اور ریاض حکیم پر ٹمبر ڈسپوزل پالیسی 2013ء کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مینارجنگلات (سی 10) اور میخلے فاریسٹ (سی 46) میں لکڑی کی غیرقانونی کٹائی اور ٹرانسپورٹیشن کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 113ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایک اور کیس میں نیب نے محکمہ جنگلات گلگت بلتستان کے افسران کے خلاف احتساب عدالت گلگت بلتستان میں بدعنوانی کا ریفرنس دائر کیا ہے، ملزمان ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر سلیم اللہ خان، سپرنٹنڈنٹ محکمہ جنگلات فرید اللہ خان اور عبدالوکیل پر ٹمبر پالیسی 2013ء کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چلاس فاریسٹ ڈویژن سے لکڑی کی غیرقانونی کٹائی اور ٹرانسپورٹیشن کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 43ملین روپے کا نقصان پہنچا۔